متوجہ ہوں؛ تبدیلئ پتہ

السلام علیکم
مطلع کیا جاتا ہے کہ میرا بلاگ یہاں سے شفٹ ہو گیا ہے اور اب آپ اس پتے پر ملاحظہ کر سکتے ہیں۔ شکریہ

متوجہ ہوں؛ تبدیلئ پتہ

آخر کار تبدیلئ پتہ کا دن آن پہنچا۔
اب تک میں کرائے کے گھر میں رہ رہا تھا۔ سہولیات تو سب ہی تھیں لیکن اپنے گھر کا شوق تو پھر ہوتا ہی ہے نا۔ دو ایک دفعہ مکان دیکھے لیکن بھیا پیسا کون لگائے۔ سوچتا تھا کہ کام دھندے سے لگ جاؤں پھر ہی یہ شوق پورا کروں گا۔ اس دوران بس دو دفعہ ہی مکان تبدیل کرنا پڑا۔ ظاہر ہے جی ’نوکر کِیہ تے نخرہ کِیہ‘ ۔۔۔۔۔ مالک مکان نے تو کیا ہی نکالنا تھا  بیچارے کا اپنا دیوالیہ نکل گیا!  اب  اس مکان میں رہتے ہوئے تو کافی عرصہ ہو گیا ہے۔ اچھی سلام دعا بن گئی ہے محلے والوں سے۔  سب یاروں دوستوں کو گھر کے ایڈریس کا پتہ بھی پتا ہے۔ لیکن و ہ جو دل میں ایک خواہش سی تھی وہ باقی تھی کہ  اب کچھ دنوں پہلے ہی  ایک نئی راہ نظر آ گئی اپنی مرضی کا مکان لینے کی۔ وہ بھی بالکل مفت۔ نہ ہینگ لگے نہ پھٹکری اور رنگ بھی چوکھا نہ سہی پر آ تا تو ہے نا۔۔۔! بس اسی کے لیے دوڑ دھوپ کی۔  جان پہچان بالکل نہ تھی اس گلی میں۔   پہلے پلاٹ لینا پڑا، بس بکنگ کرواؤ اور کام شروع کر دو۔ دوستوں* کی مدد سے اچھا سا مکان بنا لیا۔ سب ہی بھلے لوگ ہیں، بہت مدد کی میری اس سارے کام میں۔ مکان بنائیں تو پھر نیا سامان بھی لینا پڑتا ہے۔ نیا فرنیچر، پردے شردے، ضرورت کا سبھی سامان لے لیا۔ مکان کو گھر بنا لیا ہے اب۔ ارادہ تو تھا کہ بالکل نیا اور جدید قسم کا رنگ روغن کرنا ہے لیکن فی الحال اس کیلئے مزید محنت کی ضرورت تھی۔ لہٰذا جیسے تیسے کر کے کرم فرماؤں کے تعاون سے ریڈی میڈ عمدہ سا روغن پھیر دیا ہے۔ چلو کوئی نہیں، یہ کام تو ساتھ کے ساتھ بھی ہوتے ہی رہتے ہیں۔ کل ہی کرائے کے مکان سے سارا سامان اور لوازمات ’ایکس ایم ایل‘ کے ٹرک بھر بھر کے نئے گھر میں شفٹ کئے ہیں۔ سارا سامان مناسب جگہوں پہ رکھ رکھا کے اب سوچا کہ یاروں دوستوں کو تو  مطلع کر دوں کہ اب مجھے ملنا ہو تو اس پتے پہ تشریف اٹھا کے لائیں۔یہ تو پتا ہی ہوگا سب کو کہ کسی کے نئے گھر جائیں تو خالی ہاتھ نہیں جاتے۔۔۔ہے نا۔۔!
 ویسے آپس کی بات ہے ابھی مجھے نئے گھر میں اوپرا اوپرا سا لگتا ہے۔ لیکن امید ہے کہ کچھ ہی دنوں میں سیٹل ہو جاؤں گا۔ یہ پڑاؤ بھی کامیابی سے ہو گیا۔ اب اس کے بعد تو انشا اللہ اپنا ذاتی ایسا مکان بنانا ہے کہ لوگ دیکھیں تو دانتوں تلے انگلی دبائیں۔۔۔
 لو جی! بہت باتیں سنا لیں، اب ایک اطلاع نامہ تمام دوستوں اور دیگر تمام بلاگ کے وزیٹرز کے نام:
عوام الناس  اور خواص اللناس سبھی کو مطلع کیا جاتا ہے کہ میں بقلم خود یعنی ’عین لام میم‘ اس بلاگ سے کوچ کر کے اپنی ’  نون واؤ  ہ، چھوٹی اور بڑی ے‘ سب کو لے کر اپنی ذاتی ڈومین پر شفٹ ہو گیا ہوں۔ لہٰذا جو بھی کہنا یا کرنا ہو وہیں آ کر کیا جائے تاکہ مجھے بھی پتا چل سکے۔ تمام بلاگران سے بھی گزارش ہے کہ فدوی کے بلاگ کا پتہ اپنی اپنی بلاگ رولوں یا لسٹوں میں ٹھیک کر لیں (اور جنہوں نے ابھی تک مجھے شامل نہیں کیا تھا وہ بھی اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں!)۔ بلاگ کا پتہ کچھ یوں ہے:


تمام دوستوں، جنہوں نے فیس بک سے لیکر تبصروں تک،  کسی بھی انداز میں تعاون کیا، میں ان کا تہہِ دل سے مشکور ہوں۔ جزاک اللہ خیرا۔
Share/Bookmark

5 تبصرہ (جات)۔:

  • اوہ گل ہوئی نا۔۔۔ آخر کار دُلہن رُخصت ہو ہی گئی۔۔۔۔ مبارکاں جی مبارکاں۔۔۔۔۔

    میں بس ابھی نئے پتے پر پہنچا۔۔۔۔

  • مبارک ہو یار نئے مکان کی
    فلی فرنشڈ ہے یا ہالف فرنشڈ؟

  • بلے بھئی بلے۔۔
    لیکن یاد رکھنا کہ یہ مکان مفتے کا ہے۔ اور تجربہ کار محلے داروں کا کہنا ہے کہ بلدیہ والے کسی بھی وقت فری ڈومین کا ڈکا لگا سکتے ہیں۔
    تو محفوظ طریقہ یہ ہے کہ ساتھ کے ساتھ اپنی فائلیں اپنے کمپیوٹر میں محفوظ کرتے جاؤ۔ اس کے لئے ورڈ پریس کے ایکسپورٹ آپشن کا استعمال کم از کم ہفتے یا مہینے میں ایک بار ضرور کرو۔

    نئے بلاگ کی مبارک!!

  • آپ کا نیا گھر بہت خوب صورت ہے اللہ پاک مبارک کرئے ۔۔ اپنا گھر اپنا ہوتا ہے چاہئے چھوٹا ہو یا بڑا ۔۔

  • مبارک ہو بھائی. . بڑی خوشی ہوئی

Post a Comment

بلاگ پر آنے کا شکریہ۔اس تحریر پر تبصرہ کرکے آپ بھی اپنی بات دوسروں تک پہنچائیں۔

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر (سبز) میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے (سفید) میں کاپی پیسٹ کر دیں۔ اردو ٹائپنگ کیلئے آپ نیچے دیئے گئے On Screen کی بورڈ سے مدد لے سکتے ہیں۔۔